زکوٰۃ — نیت، نظام اور نتیجہ
بھارت میں مسلم معاشرہ کئی دہائیوں سے زکوٰۃ ادا کرتا آ رہا ہے۔ ہر سال رمضان المبارک کے قریب آتے ہی زکوٰۃ جمع کرنے کی آوازیں مزید بلند ہو جاتی ہیں، خطبات، بیانات اور اپیلیں عام ہو جاتی ہیں۔ اس کے باوجود ایک تلخ حقیقت یہ ہے کہ مجموعی اور اعلیٰ سطح پر مسلم کمیونٹی کی معاشی و سماجی حالت میں وہ مثبت اور دیرپا تبدیلی نظر نہیں آتی جس کی امید کی جاتی ہے۔ یہ سوال خود احتسابی کا تقاضا کرتا ہے کہ آخر کمی کہاں ہے؟ قرآنِ مجید میں زکوٰۃ کا لفظ تقریباً 32 مرتبہ آیا ہے، اور اکثر مقامات پر نماز (صلوٰۃ) کے ساتھ ملا کر ذکر کیا گیا ہے۔ یہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ زکوٰۃ محض ایک مالی عبادت نہیں بلکہ ایک منظم سماجی نظام کا حصہ ہے، جس کا مقصد فرد کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کی اصلاح ہے۔ اگر نتائج سامنے نہیں آ رہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ عمل میں کہیں نہ کہیں بنیادی خامیاں موجود ہیں۔ 1۔ مرکزی اور منظم نظام کی کمی سب سے بڑی وجہ زکوٰۃ کی وصولی اور تقسیم کے لیے کسی مرکزی، منظم اور قابلِ اعتماد نظام کا نہ ہونا ہے۔ جہاں کہیں کسی حد تک نظام موجود بھی ہے، وہ نہ تو مکمل طور پر منظم ہے اور نہ ہی معاشرے میں وسیع پیمانے پر قا...